اپنے دل میں سلامتی کو قبول کریں

آج ہم یرمیاہ 29 : 11 کا مطالعہ جاری رکھیں گے اور خاص طور پر سلامتی کے موضوع پر بات کریں گے۔'کیونکہ مَیں تُمہارے حق میں اپنے خیالات کو جانتا ہُوں خُداوند فرماتا ہے یعنی سلامتی کے خیالات۔ بُرائی کے نہیں تاکہ مَیں تُم کو نیک انجام کی اُمّید بخشُوں۔ 'یرمیاہ 29: 11
ایک اور ترجمہ یوں کہتا ہےکیونکہ خداوند فرماتا ہےمیں وہ خیال جانتا ہوں جو میں تمہارے بارے میں رکھتا ہوں سلامتی کے اور برائی کے نہیں تاکہ تمہیں امید بھرا مستقبل دوں۔
یہ خوبصورت لفظ جسے بعض اوقات ترقی یا سلامتی کے طور پر ترجمہ کیا جاتا ہے عبرانی زبان کا لفظ شالوم ہے جس کا مطلب ہے سلامتی صحت، خیر و عافیت، سکون، خوشحالی، اور تکمیل۔
آج میں آپ کے ساتھ ایک کہانی شیئر کرنا چاہتا ہوں۔
ایک بادشاہ تھا جس نے امن یا سلامتی کی بہترین تصویر بنانے والے فنکار کو انعام دینے کا اعلان کیا۔ بہت سے فنکاروں نے کوشش کی۔ بادشاہ نے تمام تصویریں دیکھیں مگر دو ہی اسے واقعی پسند آئیں۔ اسے ان دونوں میں سے ایک کو منتخب کرنا تھا۔
ایک تصویر میں ایک پرُسکون جھیل تھی۔ جھیل ایک کامل آئینہ تھی کیونکہ اس کے ارد گرد پرامن اور بلند پہاڑ تھے۔ اوپر نیلا آسمان تھا جس میں نرم سفید بادل تیر رہے تھے۔ جو بھی اس تصویر کو دیکھتا تھا وہ سمجھتا تھا کہ یہ امن سلامتی کی ایک بہترین تصویر ہے۔
دوسری تصویر میں بھی پہاڑ تھے۔ مگر یہ سخت اور بنجر تھے۔ اوپر غصے سے بھرے آسمان تھے جہاں بارش ہو رہی تھی اور بجلی چمک رہی تھی۔ پہاڑ کی طرف ایک جھاگ دار آبشار گر رہی تھی۔ یہ منظر بالکل بھی پرسکون نہیں لگ رہا تھا۔ لیکن جب بادشاہ نے غور کیا تو اس نے آبشار کے پیچھے ایک چھوٹا سا جھاڑ دیکھا جو چٹان کی دراڑ میں اگ رہا تھا۔ اسی جھاڑ میں ایک مادہ پرندہ نے اپنا گھونسلا بنایا تھا۔ وہاں غصے بھرے پانی کے شور کے بیچ وہ مادہ پرندہ اپنے گھونسلے پر مکمل سلامتی کے ساتھ بیٹھی تھی۔
آپ کے خیال میں کونسی تصویر نے انعام جیتا؟ جی ہاں ! بادشاہ نے دوسری تصویر کو ہی منتخب کیا۔
بادشاہ نے گہرے جذبات کے ساتھ کہاکیونکہ سلامتی کا مطلب یہ نہیں کہ آپ ایسے مقام پر ہوں جہاں شور، مشکل یا پریشانی نہ ہو۔ سلامتی کا مطلب ہے کہ آپ ان سب چیزوں کے درمیان ہوں اور پھر بھی اپنے دل میں سکون رکھتے ہوں۔ یہی سلامتی کا اصل مفہوم ہے۔
خدا آپ کے لیے بھی یہی چاہتا ہے۔ خدا آپ کے حالات بدلنے سے زیادہ آپ کے دل کو بدلنے میں دلچسپی رکھتا ہے (حالانکہ وہ حالات بھی بدل سکتا ہے)
آپ کی سلامتی تب مکمل ہوتی ہے جب آپ پورے دل سے خدا پر بھروسہ کرتے ہیں۔ وہ آپ کو مشکلات اور انتشار کے درمیان بھی اپنے سکون سے بھر دیتا ہے۔
آج یسوع آپ سے کہتا ہے:'مَیں تُمہیں اِطمِینان دِئے جاتا ہُوں۔ اپنا اِطمِینان تُمہیں دیتا ہُوں۔ جِس طرح دُنیا دیتی ہے مَیں تُمہیں اُس طرح نہیں دیتا۔ تُمہارا دِل نہ گھبرائے اور نہ ڈرے۔ 'یوحنا 14: 27
آپ ایک معجزہ ہیں۔
ایر ک

